سٹیٹ بینک کی کرپٹو کرنسی پر پابندی ابھی تک برقرار ، سیکرٹری خزانہ

سٹیٹ بینک کی کرپٹو کرنسی پر پابندی  ابھی تک برقرار ، سیکرٹری خزانہ

اسلام آباد (مدثرعلی رانا)سیکرٹری وزارت خزانہ امداداللہ بوسال نے بتایاپاکستان میں کرپٹو کرنسی تاحال غیرقانونی ہے ،سٹیٹ بینک کی پابندی اس پر برقرار ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں ڈیجیٹل کرنسی کے لیگل سٹیٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے کرپٹو کونسل تشکیل دے دی ہے ، کونسل کے سربراہ وزیرخزانہ محمداورنگزیب ہیں ، سیکرٹری قانون و انصاف، سیکرٹری آئی ٹی کونسل کے ممبر ہیں ، مجھے ممبر نہیں بنایا گیا ، ورچوئلی شریک کمیٹی رکن شرمیلا فاروقی نے کہا غیرقانونی کرپٹو کرنسی منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ میں استعمال ہونے کا خدشہ ہے ، کمیٹی ارکان نے کہا پاکستان واحد ملک ہے جہاں غیرقانونی ڈیجیٹل کرنسی میں سرمایہ کاری ہو رہی، امداداللہ بوسال نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف شرائط کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ اور مانیٹر کیا جائے گا ۔ سٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا ڈیجیٹل کرنسی کی ٹرانزکشنز کو فنانشل مانیٹرنگ یونٹ مانیٹر کرے گا ، مشکوک ٹرانزکشن کیخلاف ایف آئی اے میں کیس ہو گا۔ کمیٹی ارکان نے اظہار تشویش کرتے ہوئے پوچھا ملک میں ڈیجیٹل کرنسی کیلئے کوئی ریگولیٹری فریم ورک نہیں لیکن ڈیجیٹل کرنسی کی طرف بڑھ رہے ہیں ، جس پر سٹیٹ بینک حکام نے بتایا ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹری فریم ورک میں لانے کیلئے تجاویز کرپٹو کونسل کو دی ہیں، ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کیلئے مضبوط لیگل اور ریگولیٹری فریم بنایا جائے گا، بِٹ کوائن، کرپٹو، سٹیبل کوائن سمیت دیگر ڈیجیٹل کرنسی کو لیگلائز کیا جائے گا۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں کرپٹو کونسل حکام کو طلب کر لیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں