وفاقی کابینہ: بجٹ تجاویز کی منظوری، پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن میں آگیا: شہبازشریف

وفاقی کابینہ: بجٹ تجاویز کی  منظوری، پاکستان ٹیک آف کی  پوزیشن میں آگیا: شہبازشریف

اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی )وفاقی کابینہ نے بجٹ 26-2025 کی تجاویز کی منظوری دے دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی جسے وزیر اعظم نے مسترد کردیا اور کابینہ سے 10 فیصد اضافے کی منظوری دلوائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا پاکستان اب ٹیک آف کی پوزیشن میں آ گیا ، تمام اقتصادی اشاریے باعث اطمینان ہیں، روایتی جنگ میں بھارت کو ہرانے کے بعد معاشی میدان میں بھی اب اس سے آگے نکلنا ہے ، پوری قوم یک جان دو قالب ہے ، ایسے مواقع صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، پاکستان کے حصے کے پانی کا ایک ایک قطرہ لے کر رہیں گے ، اس میں کوئی خلل برداشت نہیں، تنخواہ دار طبقے نے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے ، صاحب حیثیت اور دولت مند طبقات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے قوم کو عید اور حجاج کرام کو حج کی مبارکباد دی۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا فلسطین میں جاری بربریت عصر حاضر کا بدترین ظلم ہے ، عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے کردار ادا کرے ۔ بے گناہ بچوں، بچیوں اور معصوم مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے کشمیر اور فلسطین کے عوام کو آزادی ضرور ملے گی۔ پاکستان کے عوام کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔

وزیراعظم نے بجٹ کے حوالے سے کہا گذشتہ سوا سال کے دوران حکومت اور عوام نے سنگین حالات اور چیلنجز کا سامنا کیا، عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے نے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور تنخواہ دار طبقے نے گذشتہ بجٹ میں جو بوجھ اٹھایا اور 400 ارب روپے قومی خزانہ میں دیئے ، یہ معاشرے کے صاحب حیثیت اور دولت مند طبقات کیلئے سوال ہے کہ انہوں نے اپنا کتنا حصہ ڈالا، تنخواہ دار طبقے کی قربانیوں، محنت اور کاوشوں کی بدولت پاکستان آج ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں سے وہ ٹیک آف کی پوزیشن میں ہے ۔ وزیراعظم نے کہا مہنگائی کی شرح اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ، برآمدات میں اضافہ ہوا ، زرمبادلہ ذخائر اور آئی ٹی کی برآمدات میں بھی بڑا اضافہ ہوا ، وقت آ گیا ہے بجٹ میں معاشی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے ۔ پاکستان نے حالیہ روایتی جنگ میں ایسے دشمن کو شکست دی جو کہتا تھا ہمارا پاکستان سے کوئی موازنہ ہی نہیں، معاشی میدان میں بھی بھارت کو شکست دینگے ، جنون اور تڑپ ہو تو کچھ ناممکن نہیں، سب کو ملکر شبانہ روز محنت سے آگے بڑھنا ہو گا۔ معاشی کامیابیوں میں تمام اداروں نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا بھارت جنگ میں شکست کے بعد پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی باتیں کر رہا ہے ، بھارت کو ہمارے حصے کا پانی روکنے کا کوئی حق ہے نہ ہی وہ ایسا کر سکتا ہے ، چاروں صوبوں کے ساتھ ملکر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ہم اس محاذ پر بھی کامیاب ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں