بچہ زیادتی کے بعد قتل :مجرم کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج
لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ساڑھے تین سالہ بچے سے زیادتی کرکے اسے قتل کرنے کے جرم میں پھانسی پانے والے مجرم کی اپیل خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ۔۔۔
ایسے سنگین اورانسانیت سوز جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل رانا احسن عزیز نے سرکار کی جانب سے دلائل دئیے اور عدالت کو بتایا کہ مجرم نے ہنجروال کے علاقے میں بچے سے زیادتی کے بعد اسے قتل کیا اور لاش بوری میں بند کرکے جھاڑیوں میں پھینک دی ،پولیس تفتیش ،میڈیکل رپورٹ میں مجرم قصور وار ہے ، اس کی بریت کیلئے دائر اپیل خارج کی جائے ،مجرم ندیم اسلم نے سیشن عدالت کے 2022 کے سزائے موت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سیشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ندیم اسلم کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی۔