سیف الملوک،سمیع اللہ کی کامیابی کیخلاف الیکشن پٹیشنز خارج
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 126 لاہور سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کے خلاف پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ناکام امیدوار ملک توقیر عباس کھوکھر کی الیکشن پٹیشن خارج کرنے کا حکم سناتے ہوئے ایم این اے سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دے دیا۔
تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا ،توقیر عباس کی الیکشن پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ حلقہ این اے 126 کے فارم 45 کے مطابق وہ کامیاب ہوئے لیکن فارم 47 میں ملک سیف الملوک کھوکھر کو کامیاب قرار دیا گیا ،درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ الیکشن ٹریبونل سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے ، جبکہ ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے وکلا نے اس الیکشن پٹیشن کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک سیف الملوک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن قانونی تقاضوں کے مطابق درست طور پر جاری کیا ہے ۔دوسری جانب الیکشن ٹربیونل نے پی پی 145سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سمیع اللہ خان کی کامیابی کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار یاسر چودھری کی درخواست خارج کردی اور سمیع اللہ خان کی کامیابی کو درست قرار دیدیا ۔