عمران کی منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہیں کیا جائیگا:گنڈا پور
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت نے بجٹ کی منظوری بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت سے مشروط کر دی ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاہم اس کی منظوری پیٹرن انچیف کی مشاورت سے مشروط ہے ۔
علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا میں جاری بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں پیٹرن انچیف کے نظر ئیے کی وجہ سے مینڈیٹ ملا اور اسی پر خیبر پختونخوا حکومت بنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت پچھلے ڈیڑھ سال سے مسلسل میری عمران خان سے ملاقات میں رخنے ڈالتی آئی ہے اور حساس ترین صوبے کا وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود صرف چند بار ہی میں اپنے لیڈر سے مل سکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اب جب ہم مالی سال 26-2025 کا بجٹ تیار کر رہے ہیں اور ہمیں اپنے لیڈر کی رہنمائی چاہیے ، اس وقت بھی وفاقی اور پنجاب حکومتیں مجھے اپنی فنانس ٹیم کے ساتھ اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دے رہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے پیٹرن انچیف کی ہدایات واضح ہیں کہ ان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہیں کیا جائے گا، میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائے جانے کے عمل کے خلاف اپنا لائحہ عمل پیش کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ بجٹ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی ہدایات شامل کرنے کے بعد ہی منظور کیا جائے گا، صرف آئینی تقاضے پورے کرنے کے لیے بجٹ پیش کر کے اسمبلی اراکین کی بحث شروع کروائی جائے گی۔