میڈیاہاؤسزورکرزکوتنخواہیں بروقت اداکریں :عظمٰی بخاری
لاہور(نیوزایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور میڈیا انڈسٹری کی بہتری کے لیے جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
جن میں DGPR کے ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کے لیے صحافیوں کے لیے درکار تجربے کی شرط میں نرمی شامل ہے ۔ اب ایسے صحافی جو مسلسل پانچ سال سے شعبئہ صحافت سے وابستہ ہیں، انہیں DGPR ایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل یہ شرط دس سالہ تجربے پر مشتمل تھی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران اب تک پنجاب بھر میں 2,725 صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں۔مزید برآں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جائزہ کمیٹی صحافی کی ایک متفقہ اور واضح تعریف مرتب کرے گی تاکہ پالیسی سازی میں شفافیت لائی جاسکے ۔اجلاس میں لاہور پریس کلب، سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اخبار مالکان اور ایڈیٹرز کی تنظیموں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈمی اخبارات کے خاتمے کے لیے حکومت پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔جائزہ کمیٹی نے DGPR کی جانب سے میڈیا اداروں کو اشتہارات کی بروقت ادائیگیوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے کارکنوں کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے ۔دریں اثنا وزیر اطلاعات سے گوجرانوالہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں نے ملاقات کی ، عظمیٰ بخاری نے نومنتخب صدر رانا انصر، سیکرٹری جنرل ذیشان طاہر اور دیگرکو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ پریس کلب کو تمام صحافیوں کے لیے اوپن پلیٹ فارم بنایا جائے تاکہ آزادی اظہار، پیشہ ورانہ تربیت اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے ۔