ٹرمپ کو نوبل کیلئے نامزد کرنا پاکستان کی سفارتکاری:تھنک ٹینک

 ٹرمپ کو نوبل کیلئے نامزد کرنا پاکستان کی سفارتکاری:تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کیلئے نامزد کرنے کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں، پاکستان کی طرف سے یہ ڈپلومیسی ہے ،مقصد ٹرمپ کو خو ش رکھنا ہے۔

تاکہ ہمارے جو بھارت کیساتھ معاملات ہیں اس میں ٹرمپ متحرک رہیں،پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کی مداخلت سے پاک بھارت ڈائیلاگ ہوں، مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہو،دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے اس اقدام سے بھارت میں پریشانی پیدا ہوئی ہے ۔اس سے بھارت پر پریشر بڑھا ہے ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ٹرمپ کو نوبل امن انعام کیلئے نامزد کرنے کی ٹائمنگ بڑی اہم ہے ، یہ فیصلہ بڑا حقیقت پسندانہ ہے ،ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،امریکی شہریوں نے صدر ٹرمپ کو اس لئے وو ٹ دیا کیونکہ یہ امن کی بات کرتے تھے ،جنگوں کے مخالف تھے ،پاکستان سفارتی  محاذ پر بہت اچھا کھیل رہا ہے ،پاکستان نے اس لئے نامزد کیا کیونکہ ایک محاذ سرگرم ہے ،ایران اسرائیل کی جنگ میں پاکستان چاہتا ہے صدر ٹرمپ یہاں بھی امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا اگر انسانی حقوق کے حوالے سے ریکارڈ دیکھا جائے تو ان میں سے سب سے بڑا گنداریکارڈ ٹرمپ کا ہے ،غزہ میں ایک ہولناک جنگ جاری ہے ،ٹرمپ اس جنگ کورکوا نہیں سکے ،بلکہ مزید تباہی ہورہی ہے ، فلسطینی بھوک سے مررہے ہیں،کھانے لینے کیلئے جانے والوں پر بمباری کی جارہی ہے ،یہ بڑا انسانی المیہ ٹرمپ کے سامنے ہو رہا ہے اور پاکستان نے ٹرمپ کونوبل امن انعام کیلئے نامزد کردیا ہے اس پر دنیا ہنسے گی۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے کہ ٹرمپ بھی اپنے بیان میں نوبل امن انعام کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں،ہرملک جو مشکلات اور مسائل کا شکار ہے وہ خود اس کا ذمہ دار ہے ،جب ہم فیصلہ کریں تو پاکستان کا مفاد مقدم رکھنا ہوگا، پاکستان نے 6ماہ کے دوران ڈپلومیٹک کارڈ اچھے انداز میں استعمال کئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں