عمران سے مشاورت کے بغیر صوبائی بجٹ منظور نہیں ہوگا:بیرسٹر سیف
پشاور(نیوز ایجنسیاں )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان سے مشاورت کے بغیر صوبائی بجٹ منظور نہیں ہوگا۔ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار صرف وزیر اعلیٰ کے پاس ہے اور وہ جب چاہیں اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں۔
عوام نے عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے ، اس لیے بجٹ کی منظوری بھی اُن کی مشاورت سے مشروط ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، اور اگر صوبے میں کسی بھی قسم کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو جعلی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں فارم 45 کی بنیاد پر ایک حقیقی عوامی حکومت قائم ہے ، جبکہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتیں فارم 47 کے سہارے قائم ہیں جو کہ جعلی مینار پر کھڑی ہیں اور ان حکومتوں کو گرانے کے لیے ایک معمولی دھکا ہی کافی ہے ۔