پنجاب اسمبلی :گندم کا بحران پیدا کرکے پیسہ کما نے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، مجتبیٰ شجاع

 پنجاب اسمبلی :گندم کا بحران پیدا  کرکے پیسہ کما نے والوں کے  خلاف ایکشن ہوگا، مجتبیٰ شجاع

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرکے پیسہ کما نے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،ذخیرہ اندوز جو مہنگائی کرنے جا رہے ہیں ان کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔

 محکمہ جنگلات کو جدید آلات سے لیس کردیا گیا جس میں ریڈار اور ڈرون ٹیکنالوجی بھی شامل ہے ،پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے علیمہ خان کے ساتھ نازیبا سلوک پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو سال سے سڑکوں پر اپنے بھائی کیلئے خوار ہو رہی ہیں، شبہ ہے کہ پنجاب پولیس کی سفید کپڑوں میں لیڈی کانسٹیبل ہی تھی جس نے یہ حرکت کی، حکومت سے گزارش کروں گا کہ وہ اس معاملہ کو چیک کروائیں ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس 1 گھنٹہ 56 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین راجہ شوکت عزیز کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پر پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات کنول لیاقت نے محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور فشریز کے متعلق جوابات دئیے ، اس موقع پر پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے ایک درخت کی کٹائی کو انسانیت کا قتل قرار دیا، کہا کہ ایک ایک درخت کی نمبر شماری ہورہی ہے انسپکشن رجیم ایپ لانچ کردی گئی ،پارلیمانی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا ارکان اسمبلی کے اعتراضات کے جواب میں کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے کچے کے علاقہ کے لئے بہت فنڈز دئیے ہیں۔

پنجاب حکومت نے پولیس کو کچے میں نائٹ ویژ ن کیمرے بھی دیئے ہیں،کچے پر امن و امان کمیٹی فوری حل نکالے گی،ان کا کہنا تھا کہ گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرکے مافیا پیسہ کمانا چاہتا ہے ، محکمہ کارروائی کررہا ہے ۔ مافیا گندم کی ذخیرہ اندوزی ختم کرکے عوام کو مہنگا آٹا فروخت نہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ جو روٹی بارہ روپے تک لائے اس روٹی کی قیمت نہیں بڑھنی چاہئے ۔اپوزیشن رکن بریگیڈئیر ریٹائرڈ مشتاق نے ضلع جہلم اور پنڈ دادن خان میں سیلاب کے متعلق تحریک التوائے کار ایوان میں پیش کردی،مجتبیٰ شجاع الرحمن نے تحریک التوا کا جواب آنے تک اسے موخر کردیا۔ایوان نے سیلاب پر خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی اجازت دے دی،خصوصی کمیٹی کے ممبران کے ناموں کا فیصلہ سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے ۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں