سخی سرور :بارشوں کے نتیجے میں کوہ سلیمان سے صدیوں پرانے سکے برآمد
لاہور(خبر نگار)ڈیرہ غازی خان میں حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے سخی سرور کے برساتی نالے سے صدیوں پرانے نایاب سکے اور دیگرقیمتی نوادرات نکل آئیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد اور پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ سلمان تنویر کی قیادت میں محکمہ آثارِ قدیمہ کی خصوصی ٹیم سخی سرور پہنچی اور ملنے والے سکوں اور نوادرات کا تفصیلی معائنہ کیا۔مقامی افراد نے مختلف مقامات سے ملنے والے 400 سے زائد قدیمی سکے اور دیگر نوادرات ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیں ۔ ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ان سکوں میں مغل، تغلق، سکھ دور، کنشکا، درانی، لودھی خاندان، برطانوی دور، نادر شاہ، بہادر شاہ ظفر، عرب اور وسطی ایشیا کی سلطنتوں کے سکے بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کا کہنا تھا کہ یہ دریافت خطے کی تاریخی اور تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے جو مستقبل میں سیاحت اور تحقیق کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ رضاکارانہ طور پر سکے فراہم کرنے والے مقامی افراد کیلئے تعریفی اسناد اور انعامات کے لئے سفارشات ارسال کی جائیں گی۔