27ویں ترمیم منظور کرنے کی کو ئی تاریخ مقرر نہیں ، بیرسٹر عقیل
کچھ چیزیں ٹویٹ میں لکھی تھیں ،یہ چیزیں کئی اعتبار سے خطرناک ہیں، بابر اعوان پیپلز پارٹی نے ابھی تک حمایت نہیں کی ، قادر مندوخیل ، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے تاریخ کون دے رہا ہے اس کا مجھے نہیں علم،اس پر وقت مقرر نہیں کیا جاسکتا،اس کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ ترمیم کو کابینہ سے ہو کر جانا ہے ،جب کابینہ سے منظور ہوگی تو پھر بحث کیلئے سینیٹ، قومی اسمبلی بھیجا جائے گا،دنیا نیوزکے پروگرام\'\'دنیا مہربخاری کے ساتھ\'\' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 27 ویں ترمیم کمیٹی میں جا ئے گئی، پھر اس میں سیرحاصل بحث ہو گی،اس کیلئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی جاسکتی کہ یہ ترمیم 14نومبر کو پیش ہی ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ ہم اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔ تحریک انصاف کے رہنمابابر اعوان نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کاہمیں کچھ علم نہیں ، نہ ہی ہم سے کسی نے رابطہ کیا ہے ،جنہوں نے ٹویٹ کیا ہے اس کو ترمیم کا پتا ہوگا،کچھ چیزیں ٹویٹ میں لکھی تھیں ،یہ چیزیں کئی اعتبار سے خطرناک ہیں،جب مسودہ سامنے آئے گا تو مزید چیزیں سامنے آئیں گی، پیپلز پارٹی کے رہنماقادر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ترمیم کے پوائنٹ پرابھی کوئی چیز سامنے نہیں آئی ،جو بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا اس سے چند پوائنٹ سامنے آئے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اس کو پاس کروانے کیلئے حامی بھر لی، یہ پروپیگنڈا ہے ، پیپلز پارٹی نے ابھی تک حمایت نہیں کی ،این ایف سی کے حوالے سے بات چیت ہو سکتی ہے ،اگروفاق نے پیپلزپارٹی کو قائل کیا توبات ہوسکتی ہے ۔