بھٹو کی 98 ویں سالگرہ پر لاہور میں تقریب، خراج عقیدت

بھٹو کی 98 ویں سالگرہ پر لاہور میں تقریب، خراج عقیدت

قائد کا نظریہ، فکر اور عوامی سیاست آج بھی زندہ :سابق گورنرسید احمد محمود ،خطاب ایٹمی پروگرام کی بدولت پاکستان جارحیت سے محفوظ :راجہ اشرف ودیگر، پیغامات

لاہور (سپیشل رپورٹر ) پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر مخدوم ہاؤس ماڈل ٹاؤن لاہور میں پروقار تقریب منعقد ہوئی،سابق گورنر پنجاب و صدرپیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں ایم این اے مخدوم مرتضیٰ محمود، عبدالقادر شاہین، چودھری ارشد ، محمد انتظار رانا، میر واثق،سرجیس، محمد اشرف خان، چودھری اسلم گل، صداقت شیروانی، فاروق مغل، محمد خان آزاد اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں  نے شرکت کی۔ مخدوم سید احمد محمود نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ 5 جنوری محض ایک تاریخ نہیں بلکہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا روشن باب ہے۔

یہ دن ہمیں اس عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے جس نے سیاست کو اشرافیہ کے محدود حلقوں سے نکال کر عام آدمی کی دہلیز تک پہنچایا، ان کا نظریہ، فکر اور عوامی سیاست آج بھی زندہ ہے اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی کر رہی ہے ۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو کے دئیے ایٹمی پروگرام کی بدولت آج پاکستان بیرونی جارحیت سے محفوظ ہے ،ذوالفقار بھٹو نے پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا، عام آدمی کو شناخت، ووٹ کا حق اور بولنے کی طاقت دی ،قائدِ عوام ہر قسم کی آمریت، جبر اور غیر جمہوری قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ۔ بھٹو کا فلسفہ روٹی، کپڑا اور مکان آج بھی عوام کی امید کا محور ہے ۔ پیپلز پارٹی ذوالفقار بھٹو کے ویژن کے مطابق ملک کو عظیم قوم بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں