وفاقی وزارتوں ،محکموں کا آڈٹ عمل ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک

 وفاقی وزارتوں ،محکموں کا آڈٹ عمل ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک

آڈٹ کاعمل آغا زسے اشاعت تک سیکر ٹریز اور چیئرمین پی اے سی سے منسلک ہوگا آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے شفافیت بڑھے گی ، آڈیٹر جنرل نے منظوری دیدی

اسلام آباد (ایس ایم زمان) آڈیٹر جنرل پاکستا ن نے آڈٹ نظام کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، وفاقی سیکر ٹریز اور محکموں کے سربراہوں کے ساتھ براہ راست آن لائن سسٹم کے تحت منسلک کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ۔ منصوبے کے تحت وفاقی وزارتوں اور محکموں کے آڈٹ کا عمل آغاز سے آڈٹ رپورٹ کی اشاعت تک مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔

اس ڈیجیٹل آڈٹ نظام کو آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (AMIS) کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت آڈٹ کی پلاننگ سے لے کر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آڈٹ رپورٹ پیش کرنے تک تمام مراحل کو ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ آڈیٹر جنرل حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت ایمز ڈیجیٹل نظام کی توسیع پر کام جاری ہے جس کے تحت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران کے ساتھ ڈیجیٹل انٹرفیس لنکس قائم کیے جا رہے ہیں۔آڈیٹر جنرل پاکستان میں سنٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کو بھی فعال کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں آڈٹ جانچ پڑتال کے لیے بگ ڈیٹا اینالیٹکس کا استعمال کیا جائے گا جس کے لیے چار جدید سافٹ ویئر سسٹم حاصل کر لیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں