سی ٹی ڈی ان ایکشن ،را ایجنٹ سمیت 49 دہشتگرد گرفتار
لاہور سے راایجنٹ مجتبیٰ کو پکڑا گیا ،اسلحہ اور حساس عمارتوں کے نقشے برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر،دنیا نیوز،اے پی پی)دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرکے بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ سمیت 49 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔ حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ہفتے کے دوران 425 آپریشنز کئے گئے ، جن میں 427 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور49 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیاگیا، لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ایجنٹ مجتبیٰ گرفتار کیا گیا، اس کے قبضے سے بارودی مواد،خودکش جیکٹ بنانے کا سامان ، اسلحہ اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے ۔ ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنز کئے گئے ، جن کے دوران 5 سو 99 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ یہ کارروائیاں لاہور،راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں شوکت ،نوید ،عبدالرحمن ،امجد ،شاہد ،ابرار ،دانش خان ،خلیل احمد ،جمیل الرحمن ،احسان اﷲ ،نادر ،وقاص ،حسنین ،فاروق ،جمشید اوراولاد خان وغیرہ شامل ہیں ، جن کا تعلق فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے ہے ۔