پنجاب اسمبلی :ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمر کی حد 65 سال ، بل حکومتی رکن نے پیش کیا سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی عدم موجودگی پر ڈپٹی سپیکر شدید برہم ، اجلاس ملتوی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں دی پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2025 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ ترمیمی بل کے تحت چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمر کی حد 65 سال مقرر کر دی گئی۔ بل حکومتی رکن امجد علی جاوید نے پیش کیا۔ وقفۂ سوالات کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی ایوان میں عدم موجودگی پر ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ شدید برہم ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں اور معزز اراکین ایوان میں موجود ہیں، پھر سیکرٹری کیوں نہیں آئے ؟ کیا وہ منتخب نمائندوں سے بالاتر ہیں؟ ڈپٹی سپیکر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا سیکرٹری یا سپیشل سیکرٹری کے پیروں میں مہندی لگی ہے جو وہ ایوان میں نہیں آ سکتے ؟ڈپٹی سپیکر نے سیکرٹری کو ایوان میں طلب کرنے کے لیے اجلاس آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا۔ وقفے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ایوان میں پیش ہو گئے ۔