شناختی کارڈ بحالی کیس:سیکرٹری داخلہ عدالت پیش، وارنٹ منسوخ
شہری کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی یقین دہانی، سپیکنگ آرڈر کیساتھ نادرا کو ارسال آرڈر پاس کرنے سے پہلے دوسرے فریق کو بلا کر سُن لیتے :چیف جسٹس سرفراز ڈوگر
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے افغان شہری قرار دے کر پینڈا خان کا بلاک کردہ شناختی کارڈ بحال کرانے کی درخواست میں سیکرٹری داخلہ کے پیش ہوجانے اور شہری کی درخواست پر فیصلہ کی یقین دہانی پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے ۔ درخواست کو ریپریذنٹیشن بنا کر سیکرٹری داخلہ کو بھیجنے کے باوجود فیصلہ نہ ہونے پر توہین عدالت کیس میں سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا،وارنٹ جاری ہونے کے بعد سیکرٹری داخلہ آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہو گئے ، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ آرڈر پاس کرنے سے پہلے دوسرے فریق کو بھی بلا کر سُن لیتے ۔ سیکرٹری داخلہ نے شہری کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ۔ سیکرٹری داخلہ نے سپیکنگ آرڈر کے ساتھ ریپریذنٹیشن نادرا کو بھیج دی تھی۔