سیاست میں مقابلہ ترقی و خوشحالی کا ہونا چاہئے ،وزیر اطلاعات
انتقام اور گالم گلوچ کی سیاست کسی کے حق میں نہیں ، شیڈو کابینہ بنانا ناگزیر فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن معاشرے کیلئے بڑا خطرہ ، پختونخوا یوتھ اسمبلی سے گفتگو
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا کہ سیاست میں مقابلہ، ترقی و خوشحالی کا ہونا چاہئے تاہم انتقام اور گالم گلوچ کی سیاست کسی کے حق میں نہیں ہے ۔ خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا بہت ضروری ہے ،طالب علمی کی سیاست سے بہت کچھ سیکھا، خیبر پختون خوا میں کوئی بھی صوبے کی ترقی کے لئے نہیں سوچ رہا۔شیڈو کابینہ بنانا ناگزیر ہے ، بیانیہ کی پالیسی زور پکڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قائد نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، دانش سکولز کا دائرہ کار بڑھا کر پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں تک لے جایا گیا۔اس وقت جو سیاست پروان چڑھ رہی ہے اس سے نقصان ہو رہا ہے ۔فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن معاشرے کے لئے بڑا خطرہ ہے ۔ وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے ارکان سے حلف لیا۔