قائمہ کمیٹی دفاع کا پی اے اے کی کارکردگی پر اظہار اطمینان
کمیٹی ارکان کا اسلام آباد ایئر پورٹ کادورہ ، جدید ترین انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا
راولپنڈی ( خصوصی نیوز رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا ،کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محموداور ارکان کو ایئرپورٹ آپریشنز، ریگولیٹری امور اور مسافروں کی سہولیات میں جدت لانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ایئرپورٹ منیجر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سالانہ گنجائش اس وقت 9 ملین مسافر ہے جسے ایک جامع منصوبے کے تحت 25 ملین تک بڑھایا جائے گا۔ ڈائریکٹر کمرشل نے بتایا کہ مسافروں کے لئے سی آئی پی لاؤنجز، مووی تھیٹرز، گیمنگ زونز اور مساجد کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ ڈیوٹی فری شاپس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور کار پارکنگ کے نظام کو مکمل طور پر آٹومیٹک کر دیا گیا ہے ۔ سینیٹرز نے امیگریشن کاؤنٹرز، اے ٹی سی ٹاور، ایریا کنٹرول سینٹر اور فائر سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں موجود جدید ترین انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کارکردگی اور ملکی سول ایوی ایشن کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہااور ایئرپورٹ کے ورلڈ کلاس انفراسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔