قائمہ کمیٹیز کی اسلام آبادمیں نیشنل میوزیم تعمیر کر نے کی سفارش

 قائمہ کمیٹیز کی اسلام آبادمیں نیشنل میوزیم تعمیر کر نے کی سفارش

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی اجلاس میں لوک ورثہ ترمیمی بل 2025منظور

  اسلام آباد(خصوصی رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیز نے اسلام آبادمیں قومی میوزیم تعمیرکرنے کی سفار ش کر دی ۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی براے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے ’’قومی ادارہ لوک ورثہ (ترمیمی) بل، 2025ء‘‘ (گورنمنٹ بل)  منظور کر لیا ، کمیٹی کو بتایا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایواکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کے اکاؤنٹ سے دو ارب روپے سے زائد ٹیکس کاٹا ہے حالانکہ یہ ایک سرکاری ادارہ ہے جس پر کمیٹی چیئر پرسن نے ایف بی آر کے چیئر مین کو اگلے اجلاس میں طلب کر لیا، کمیٹی نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے سفارش کی ہے کہ وہ وفاقی بجٹ 2026-27 میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے تحت شکر پڑیاں اسلام آباد میں مختص اراضی پر نیشنل میوزیم آف پاکستان کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص اور جاری کرے ۔ اجلاس چیئر پر سن کمیٹی سیدہ نوشین افتخار کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

کمیٹی نے ای ٹی پی بی کے ایڈیشنل سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ گوردوارہ نانک سر کی بحالی کے لیے پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رامیش سنگھ اروڑہ سے مشورہ کریں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اگلی میٹنگ میں سی ایس ایس امتحانات میں اردو کو اختیاری زبان کے طور پر پیش کرنے کے معاملے پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکرٹری کو طلب کیا جائے ۔ادھر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس سینیٹر ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے قائدِ اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ سے متعلق معاملات پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین نے وزارت کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ ثقافتی تقریبات کا سالانہ کیلنڈر کمیٹی کے سامنے پیش کریں، انہوں نے بین الاقوامی ثقافتی دوروں کی تفصیلات بھی طلب کیں ۔ چیئر مین کمیٹی اور اراکین نے اسلام آباد میں قومی میوزیم تعمیر کرنے کی سفارش کی ۔ چیئرمین نے سمگل شدہ نوادرات کی واپسی کے لیے بین الاقوامی مفاہمتی یادداشتوں کی تفصیلات طلب کیں اور تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سالانہ ثقافتی نمائشوں کے انعقاد پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں