گورنر سٹیٹ بینک کا چھوٹے صوبوں کیساتھ رویہ غیر سنجیدہ:مزمل اسلم
وزیر تجارت ،گورنر سٹیٹ بینک کو خط لکھے دونوں نے جواب تک مناسب نہیں سمجھا
پشاور(این این آئی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی وزیر تجارت اور گورنر سٹیٹ بینک کو بھیجے گئے خطوط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے وزیر تجارت اور گورنر سٹیٹ بینک کو خطوط ارسال کئے تھے تاہم دونوں حضرات نے خطوط پر عمل درآمد تو درکنار جوا ب تک دینا بھی مناسب نہیں سمجھا ، دفتر سے جاری بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ میرے دفتر نے بارہا وزیرِ تجارت کے دفتر سے ملاقات کیلئے رابطہ کیا، مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور وفاقی وزارت کی جانب سے ملکی برآمدی صلاحیت میں عدم دلچسپی کے باعث برآمدات مسلسل کم ہو رہی ہیں اسی طرح گورنر سٹیٹ بینک کا رویہ چھوٹے صوبوں کے ساتھ غیر سنجیدہ ان کی چھوٹے صوبوں پر توجہ نہ ہونے کے برابرہے ، یہ سب مسائل وزیرِ اعظم اور وفاقی وزیرِ خزانہ کے سامنے اٹھائیں گے ۔