رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان رقم 13ہزار کر دی ، احسن اقبال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکیج کی فی خاندان رقم میں 1 ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔اسلام آباد میں ماہانہ ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ پر بریفنگ میں احسن اقبال نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت فی خاندان 12 ہزار سے بڑھا کر رقم 13 ہزار کر دی۔
انہوں نے کہا کہ افراط زر قابو میں ہے ، جولائی تا جنوری مہنگائی 5 اعشاریہ 2 فیصد رہی جبکہ بڑی صنعتوں کی گروتھ 6 فیصد رہی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اصلاحات سے ٹیکس بڑھانے میں مدد ملی۔اُن کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی بہتری بتا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2 سال سے ملکی معیشت روز بروز بہتری کی طرف جا رہی ہے ، عالمی سرمایہ کاروں کو قائل کرنے کے لیے حقائق تسلیم کرنے چاہئیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں مالی سال ترسیلات 19 ارب 70 کرور ڈالر تک پہنچ گئیں، احسن اقبال نے کہا کہ اب تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 272 ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہو سکے ، بلوچستان اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کی منظوری دی۔