قائمہ کمیٹی صحت :PNMCقانون میں ترامیم کی سفارشات پیش

 قائمہ کمیٹی صحت :PNMCقانون میں ترامیم کی سفارشات پیش

کونسل صدر ،نائب صدر کا تقرر نامزدگی ، انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی تجویز

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے ان کیمرااجلاس میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے قانون میں مجوزہ ترامیم کی سفارشات پیش کر دی گئیں ،مجوز ہ ترامیم کے تحت صدر اور نائب صدر کے انتخاب کا موجودہ طریقئہ کار تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، نئی تجویز کے مطابق دونوں عہدوں پر تقرری انتخاب کے بجائے نامزدگی کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کونسل کے انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں،قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت ہوا۔ ان کیمرااجلاس میں اراکینِ کمیٹی نے نرسنگ کونسل کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا ، ا رکان کمیٹی نے اتفاق کیا کہ اس اقدام سے داخلی سیاست اور انتخابی تنازعات کا خاتمہ ہوگا اور ادارہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر زیادہ توجہ دے سکے گا۔

کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھنے اور متفقہ مسودہ تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔کمیٹی نے کونسل کے انتظامی ڈھانچے میں سیکر ٹر ی، رجسٹرار اور ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر اسامیوں پر تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی سفارش بھی کی ۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دینے کے بعد منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا ۔ دریں اثنا قائمہ کمیٹی قومی صحت کا اجلاس چیئرمین سینیٹر امیر ولی الدین چشتی کی صدارت ہوا ، اجلاس میں سینیٹ قائمہ کمیٹی قومی صحت نے ایم ڈی کیٹ کے نمبر کی شرح کم کرنے اور ایم ڈی کیٹ امتحان کا ازسرنو جائزہ لے کر بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی سفارش کی ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے "الیکٹرانک نکوٹین ڈلیوری سسٹمز (ریگولیشن) بل 2025" کا جائزہ لیا ،کمیٹی نے تجویز دی کہ ایم ڈی کیٹ کا ویٹیج کم کر کے 33 فیصد کیا جائے ۔ 10 فیصد نمبر انٹرویو کے لئے رکھے جائیں جبکہ 57 فیصد نمبر میٹرک اور ایف ایس سی کے نتائج کو د ئیے جائیں ، اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی اور شواہد پر مبنی بریفنگ طلب کی گئی ہے ،اجلاس میں بیرونِ ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کے لائسنس کے معاملے پر بھی غور کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں