افغانستان میں سویلین کو نشانہ بنانیکا الزام گمراہ کن،سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)افغانستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنانے سے متعلق الزامات کو سکیورٹی ذرائع اور دفاعی ماہرین نے گمراہ کن پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق بعض افغان اور بھارتی میڈیا ادارے اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان کی حالیہ رپورٹ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سکیورٹی حکام کا موقف ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران پاک فوج نے بلااشتعال جارحیت کے ردعمل میں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اپنی حالیہ پریس بریفنگ میں واضح کر چکے ہیں کہ کارروائیاں مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں اور صرف ملٹری و دہشت گرد تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کے عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کے موقف کی تائید بذریعہ تصاویر اور ویڈیوز ہوچکی ہے ، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے درمیان فرق ختم ہو چکاہے ، شلوار قمیض میں ملبوس سویلین، افغان طالبان اور خارجی میں تمیز کرنا مشکل ہو گیا ہے ، ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے پاس اپنے عوام کو جواب دینے کیلئے کچھ بھی نہیں اس لئے وہ ہمدردی حاصل کرنے کیلئے سویلین نقصان کا بیانیہ بنا رہے ہیں ۔