تیل قیمتیں : پھلوں، سبزیوں کے نرخ 20 فیصد بڑھ گئے
کینو، کیلا 350روپے درجن، سرخ سیب 500، خربوزہ 300 روپے کلو پیاز 100، آلو 10روپے مہنگا ہو کر 40، چکی کا بیسن 350روپے کلو فروخت
راولپنڈی (احمد بھٹی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث اشیائے خوردونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں 20فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ پیاز، شملہ مرچ، پالک، امردو، سیب، کیلا، خربوزہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، کیلا کے نرخ 350 روپے تک پہنچ گئے ، کینو اول عام مارکیٹ میں 350روپے درجن ہو گیا ، سرخ سیب 500 روپے کلو ، خربوزہ 200 روپے سے بڑھ کر 250 اور تین سو تک ہو گیا۔ سٹرابری کا نرخ جو بتدریج کم ہو رہا تھا اب بڑھ کر 550 روپے کلو ہو گیا ، امردود 150 سے 180 روپے کلو دستیاب تھا جو 200 اور 220 روپے کلو تک ہو گیا۔
آلو 40 روپے کلو ہو گیا جس کی قیمت میں دس روپے کلو اضافہ ہوا ، پیاز کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور قیمت 100 روپے کلو تک پہنچ گئی ۔ ٹماٹر ، سبز مرچ ، بند گوبھی کی قیمت میں دس تا بیس روپے اضافہ ہوا ہے ، پالک ، میتھی اور سبز پیاز کی فی گٹھی قیمت 10 سے 15 روپے بڑھ گئی ۔ بیسن کی قیمت میں تیس روپے اضافہ ہوا اور چکی کا بیس فی کلو 350 روپے ہو گیا۔ ادھر دالوں اور گھی کی قیمت میں تیس سے چالیس روپے کا اضافہ ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔