خیبر پختونخوا میں پولیس چوکیوں پر حملوں کی کوشش ناکام

خیبر پختونخوا میں پولیس چوکیوں پر حملوں کی کوشش ناکام

چوکی فتح خیل کے گرد 15شرپسندوں کی مشکوک نقل و حرکت پر فائرنگ کی گئی خیبر سے پشاور کی پولیس چوکی پر بھی حملے کی کوشش، پولیس کا بروقت جواب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا میں پولیس کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دئیے گئے ۔ تھانہ منڈان کی حدود میں واقع پولیس چوکی فتح خیل پر رات کی تاریکی میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے حملے کی کوشش کی، تاہم چوکی پر تعینات پولیس جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور الرٹ پوزیشن کے باعث فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ گزشتہ شب تقریباً 2 بجے پولیس چوکی فتح خیل کے گردونواح میں تھرمل کیمروں کے ذریعے 15 سے زائد شرپسند عناصر کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی، جہاں دہشت گرد چوکی کے سامنے جنگل میں پوزیشن لینے کی کوشش کر رہے تھے۔

چوکی پر موجود پولیس پارٹی پہلے ہی ہائی الرٹ تھی، جس نے فوری طور پر دہشت گردوں پر بھرپور فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی اس اچانک اور شدید جوابی کارروائی سے دہشت گرد حواس باختہ ہو گئے اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پسپائی اختیار کر کے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے ۔دوسری جانب سخی پل چوکی پر بھی دہشت گردوں کا ایک حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ایس پی ورسک کے مطابق قبائلی ضلع خیبر سے پشاور کی پولیس چوکی پر حملے کی کوشش کی گئی، تاہم جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں