مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی:پاکستان سے مزید 90 پروازیں منسوخ
لاہور ،اسلام آباد(نیوز رپورٹر ،آن لائن) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان کا فضائی آپریشن بدستور متاثر ، لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس سے تقریباً مزید 90 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، ایران، عراق اور قطر جانے اور وہاں سے آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ایئرپورٹ حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ 17 روز سے پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان فضائی آپریشن شدید متاثر ہے ،اب تک مجموعی طور پر 1955 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف لاہور سے دبئی جانے والی غیر ملکی پرواز آدھے راستے سے واپس لوٹ آئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 623 کو روانہ ہونے کے بعد فضا سے واپس لاہور اتار لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد کئی بین الاقوامی پروازیں یا تو موڑ دی گئیں یا واپس اپنے روانگی والے شہروں کی طرف لوٹ گئیں ۔ ادھر دبئی ایئرپورٹ کی بندش کے پیش نظر ایمریٹس ایئرلائنز نے فلائٹ آپریشن محدود کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔
ایئرپورٹ کی بندش اور سکیورٹی کلیئرنس کے عمل کے باعث اماراتی ایئرلائن نے کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کو محدود شیڈول کے ساتھ چلایا جائے گا جبکہ آج کے شیڈول کی کئی اہم پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ، شیڈولڈ پروازوں کی منسوخی سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔دوسری طرف جنگی صورتحال کے باعث ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو اربو ں روپے کے خسارے کا سامنا ہے ، اگلے ایک ماہ کے دوران جنگ بند نہ ہونے کی صورت میں کئی فضائی کمپنیاں ممکنہ طور پر فضائی آپریشن کئی ممالک سے بند کر سکتی ہیں ۔ذرا ئع کے مطابق پاکستان میں چلنے والی مقامی ائیر لائنز نے بیلنس شیٹ میں خسارہ ظاہر کر دیا ہے ۔گزشتہ پانچ میں چار سالوں میں ائیر بلیو نے بیلنس شیٹ میں خسارہ ظاہر کر دیا، ائیر بلیو کو سال 2020 سے لیکر 2023 تک مسلسل چار سال 26 ارب روپے کا خسارہ ہوا ۔ ائیر بلیو نے مالی سال 2024 میں 1 ارب 53 کروڑ 59 لاکھ روپے کا منافع ظاہر کیا ۔سیرین ائیر کو بھی گزشتہ پانچ میں سے دو سال 2022 اور 2020 میں 77 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ۔ائیر سیال نے بھی لانچنگ کے بعد ابتدائی تین سال 2020 تا 23 تک ساڑھے پانچ ارب روپے سے زائد کا خسارہ ظاہر کیا ہے ۔ فلائی جناح نے سال 2023 میں ساڑھے تین ارب روپے سے زائد کا نقصان کیاجبکہ وہ گزشتہ دو سالوں میں پانچ ارب سے زائد کمانے میں کامیاب رہی ۔