بلوچستان :سمگل ایرانی پٹرول کی قیمت 280 روپے لٹر مقرر

بلوچستان :سمگل ایرانی پٹرول کی قیمت 280 روپے لٹر مقرر

ایرانی پٹرول صرف صوبہ کے اندر ہی فروخت کیا جائیگاباہر منتقلی پر پابندی

کوئٹہ(سٹاف رپور ٹر)بلوچستان حکومت نے ایرانی سمگل شدہ پٹرول کی قیمت 280 روپے فی لٹر مقرر کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ایرانی پٹرول ایک طے شدہ سرکاری قیمت پر فروخت کیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں بے ضابطگیوں اور منافع خوری کو روکا جا سکے ، قلات کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے کہا کہ ایرانی پٹرول صرف بلوچستان کے اندر ہی فروخت کیا جائے گا اور اسے صوبے سے باہر منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے درآمدی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بعض عناصر نے ایرانی پٹرول کی قیمتیں بھی بڑھا دی تھیں، جو 300 سے 360 روپے فی لٹر تک وصول کی جا رہی تھیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور غیر قانونی منافع خوری کو روکنا ہے ، انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ قیمتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور خلاف ورزی کر نیوالوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی صوبائی حکام نے مزید کہا کہ ایرانی پٹرول کی ترسیل اور فروخت کے نظام کو بھی منظم بنایا جائے گا تاکہ اس کاروبار میں شفافیت لائی جا سکے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں