حج انتظامات مکمل، پہلی پرواز 18اپریل کوسعودیہ جائیگی

حج انتظامات مکمل، پہلی پرواز 18اپریل کوسعودیہ جائیگی

1 لاکھ 20 ہزار سرکاری، 60 ہزار عازمین نجی کوٹہ کے تحت جا ئینگے :وزیر مذہبی امور عازمین کو پاک ایپ شیڈول کے مطابق مقررہ تاریخ پر حاجی کیمپ پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد،لاہور(ویب ڈیسک،سیاسی نمائندہ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے ریاض پہنچ کر حج انتظامات سے متعلق کہاہے کہ پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز  18 اپریل کو سعودی عرب پہنچے گی۔ پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کے ذریعے مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز رفتار سفر کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ حج انتظامات مکمل ہیں۔ اس سال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج ادا کرینگے ، جن میں ایک لاکھ 20 ہزار سرکاری اور 60 ہزار پرائیویٹ کوٹہ کے تحت جا ئینگے ۔لاہور سے سعودی عرب کا نیا روٹ بھی متعارف کرا یا گیا ہے دیگر شہروں سے فلائٹس مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ زائرین کو معیار ی سہولیات دی جا رہی ہیں ،اس سال پاکستان کا پورا کوٹہ استعمال کیا جائے گا ۔ دریں اثناعلما اکیڈمی منصورہ کے زیرِ اہتمام حج تربیتی پروگرام میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ودیگرنے خطاب کہا لاہور سے رواں سال عازمین حج کی روانگی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت ہونے کا امکان ہے ،جسکے تحت عازمین کی امیگریشن روانگی کے وقت ایئرپورٹ پر ہی کر لی جاتی ہے ۔مدینہ یا جدہ پہنچ کر انہیں انتظار نہیں کرنا پڑتا اور سیدھے اپنی رہائشگاہ چلے جاتے ہیں۔عازمین کاروانگی کے وقت ایئرپورٹ پر بک کیا جانے والا سامان انہیں انکی رہائشگاہ پردیا جاتا ہے ۔ عازمین کیلئے پورے سفر کے دوران نسک کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی ہے جس میں ذاتی کوائف ودیگر ضروری معلومات ہوتی ہیں، عازمین ہوائی ٹکٹ اور ویزا، شناختی لاکٹ ، لگیج ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ کیلئے پاک حج ایپ پر دئیے گئے اپنے شیڈول کے مطابق صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر ہی حاجی کیمپ آئیں اور اصل شناختی کارڈ ، تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں۔عازمین کی ویکسی نیشن، تربیت و دیگر اہم امور بارے پاک حج ایپ پر میسج جاری کر دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں