شہدادپور:پنجاب جانیوالی شالیمار ایکسپریس کو حادثہ، 4 زخمی
شہداد پور،سانگھڑ (نمائندگان دنیا) کراچی سے پنجاب جانے والی شالیمار ایکسپریس کو حادثہ، 4 مسافر زخمی، سروس معطل کرد ی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی تیز رفتار شالیمار ایکسپریس کو شہدادپور کے
قریب اس وقت حادثہ پیش آیا جب لوپ لائن پر جانے کے لیے پٹری تبدیل کرتے ہوئے ٹرین کی 3بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 4 مسافر زخمی ہوئے ، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ریلوے حکام فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ۔ حادثے کے باعث ریلوے کے اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس بلاک ہو گئے ، جس کی وجہ سے کراچی اور پنجاب کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی۔ ریلوے انتظامیہ نے مختلف سٹیشنوں پر آنے اور جانے والی ٹرینوں کو روک دیا، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی کے لیے امدادی کام شروع کر دیا گیا ہے اور بھاری مشینری کے ذریعے بوگیوں کو ہٹا کر جلد از جلد ٹریک بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر شہدادپور قمرالدین راہیپوٹو نے بتایا کو وہ مسافر جو روڈ کے ذریعے مزید سفر جاری رکھنا یا واپس اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں انہیں ہالا تک پہچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔