ڈیری سیکٹر میں اصلاحات غذائی تحفظ کیلئے ناگزیر ،رانا تنویر
کولڈ سٹوریج، پراسیسنگ سہولیات، مؤثر سپلائی نظام میں بہتر ی لا ئی جا ئے معیاری دودھ کی فراہمی کیلئے ’’ سیف ملک سٹی‘‘ جیسے اقداما ت ضروری ،گفتگو
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ڈیری سیکٹر میں اصلاحات غذائی تحفظ، بہتر غذائیت اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں ۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ
ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈیری سیکٹر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دودھ کے معیار کو بہتر بنانے ، غذائی قلت کے خاتمے اور شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا تقریباً چالیس فیصد بچے نشوونما کی کمی ( سٹنٹنگ) کا شکار ہیں۔ شعبے کی باضابطہ تشکیل، جدید ڈیری طریقہ کار کو فروغ اور مویشیوں کے بہتر انتظام کے ذریعے پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے ۔ ڈیری ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے کولڈ سٹوریج، پراسیسنگ سہولیات اور مؤثر سپلائی نظام میں بہتر ی لا ئی جا ئے ۔ انہوں نے کہا اسلام آباد سمیت شہری مراکز میں معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے سیف ملک سٹی جیسے اقدامات اٹھانا ہونگے ۔