اطالوی خاتون وبچے بازیابی کیس، آئی جی کوطلب کرنے کی وارننگ
معاملے میں ناخوشگوار حالات پیدا ہونے کے خدشات موجود :جسٹس جواد ظفر
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں مغویہ اطالوی خاتون اور اس کے بچوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس جواد ظفر نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے ایس پی کینٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خاتون اور بچوں کو جہاں بھی ہیں فوری پیش کیا
جائے ، بصورت دیگر آئی جی پنجاب کو طلب کیا جائے گا۔عدالت نے خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کے لاء افسر کو ہدایت کی کہ خاتون کے پاس موجود پاسپورٹس کی تفصیلات معلوم کی جائیں۔ جسٹس جواد ظفر نے ریمارکس دیے کہ معاملے میں ناخوشگوار حالات پیدا ہونے کے خدشات موجود ہیں۔ آئین کے تحت ہر شہری کو زندگی اور آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے ، اس لیے عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔