پاک چین بزنس تعلقات کو وسعت دینگے : وزیراعظم
پائیدار، شفاف ،سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین :شہبازشریف چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید وسعت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی سربراہی میں ملنے والے 4 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وزیراعظم نے کہا حکومت پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتی ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی ، ملازمت کے نئے مواقع، ٹیکنالوجی کی اشتراک اور برآمدات میں اضافے کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔ چیئرمین سروس لانگ مارچ جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست نظام اور حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروس لانگ مارچ برآمدات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ سال 2024-2025 میں کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا۔ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ سروس لانگ مارچ ٹائرز کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے ۔نوری آباد ،سندھ میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سول ڈویلپمنٹ زون کے قیام کے حوالے سے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ نے تمام ضروری سہولیات مہیا کیں۔