پٹرول11.83،ڈیزل 134.81روپے لٹر سستا،ٹرانسپورٹ سبسڈی جاری رہے گی:وزیر اعظم

پٹرول11.83،ڈیزل 134.81روپے لٹر سستا،ٹرانسپورٹ سبسڈی جاری رہے گی:وزیر اعظم

ہائی سپیڈ ڈیزل نئی قیمت 385.54 ،پٹرول 366.58روپے مقرر ،لائٹ ڈیزل 25 روپے 31 پیسے ،مٹی کا تیل 17روپے 33پیسے لٹر سستا،عوام کو فائدہ پہنچانا میری ذمہ داری:شہبازشریف جنگ بندی پر ایران ، امریکا کا شکریہ ،الجھے مسائل حل کر نیکا کٹھن مرحلہ درپیش ، کوشش کرینگے ،نتائج اللہ کے ہاتھ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جنگ کے شعلے بجھانے میں کلیدی کردار:قوم سے خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کی سمری مسترد کردی اور ڈیزل کی قیمت میں 135 ، پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا ،موٹر سائیکل،پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کیلئے سبسڈی بدستور جاری رہے گی ۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیج میں اب جنگ نہیں امن کی باتیں ہورہی ہیں، جو فریقین کل جنگ میں آمنے سامنے تھے آج بات چیت پر تیار ہوچکے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ آج تاریخ ساز موقع پر آپ سے مخاطب ہوں، انتہائی اہم پیشرفت پر برادر ملک ایران اور امریکا کی قیادت کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک نے میری تجویز قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ میری پرخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد آرہی ہے۔

پاکستان کو اللہ تعالی ٰنے میزبانی کا شرف عطا فرمایا ہے ،امریکا اور ایران کی قیادت کو اسلام آباد آنے کی دعوت پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اُن کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا، یہ صرف پاکستان کے لیے نہیں،عالم اسلام کیلئے بھی قابل فخر لمحہ ہے ، اِس نازک موقع پر پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں اعتماد کا مظاہرہ کیا،انہوں نے مزید کہا کہ عارضی جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے ، مگر اب اس سے بھی زیادہ کٹھن مرحلہ دیر پا جنگ بندی کا ہے ، مذاکرات کے ذریعے الجھے ہوئے مسائل کو حل کرنے کا ہے ، یہ وہ مرحلہ ہے جس کو انگریزی میں کہتے ہیں میک اور بریک، کے برابر ہے ،میں سب سے درخواست کروں گا کہ دعا کریں اللہ تعالیٰ ان مذاکرات کو اپنی کمال مہربانی سے کامیاب فرمائے ،اس طرح ان گنت معصوم زندگیاں بچ جائیں گی، دنیا میں امن قائم ہو جائے گا، پاکستانی قیادت ان مذاکرات کو کامیاب کرانے کیلئے اپنی حتی المقدور کوشش خلوص کے ساتھ کرے گی، باقی نتائج اللہ تعالٰی کے ہاتھ میں ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا جب قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں اور مہنگائی کا بوجھ آن پڑا ، میں نے اس بات کا خود مشاہدہ کیا آپ نے کتنے صبر اور تحمل سے وہ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، آج جب قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے تو میں اس کو اپنی اخلاقی ،سیاسی ذمہ داری سمجھتاہوں کہ اس کمی کا ایک ایک روپیہ آپ کے قدموں میں نچھاور کیا جائے ،مجھے یہ مشور ہ دیا گیا کہ پچھلے چند ہفتوں میں قیامت خیز مہنگائی کو روکنے کیلئے جو حکومت نے اپنے وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کئے تھے ،تیل کی قیمتوں میں کمی کا کچھ حصہ عوام کو پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر 129 ارب روپے کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے استعمال کیا جائے لیکن میں نے ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر یہ تجویز مسترد کر دی۔شہبازشریف نے کہا کہ گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے ، اس مرحلے پر اپنے محنتی کسان کیلئے لاگت کم کرنا انتہائی ضروری ہے ، اگر یہ نہ ہوا تو کسان کی محنت ضائع ہو جائے گی۔

عام شہری کے گھر میں کھانے پینے کی اشیاء بھی مہنگی ہو جائیں گی، ڈیزل سستا ہونے سے نہ صرف زرعی شعبے میں آسانی پیدا ہو گی عام آدمی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی ، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کیلئے جو سبسڈی کا اعلان کیا تھا وہ جاری رہے گی ، موٹرسا ئیکل ، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کیلئے سبسڈی کی فراہمی بدستور جاری رہے گی۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صرف حکومتی فیصلوں سے نہیں عوام کے نظم وضبط ،اتحاد اور ایثار کے جذبے سے قومیں ترقی کرتی ہیں ، لہذا ہم سب یکسو ہو کرصبر، محنت، دیانت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کراگر آگے بڑھیں گے ، شبانہ روز محنت کریں گے ، خون پسینہ بہائیں گے ، تو انشااللہ دنیا کی کوئی طاقت ہم کو عظیم مقام حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی،اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو ہم ایک باوقار، ایک مضبوط ،ترقی کی طرف تیزی سے منازل طے کرتا ہوا پاکستان آنے والی نسلوں کے حوالے کریں گے ۔ 

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزارتِ توانائی نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 134 روپے 81 پیسے ،پٹرول کی قیمت میں 11 روپے 83 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے ،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے 31 پیسے ،مٹی کے تیل کی قیمت میں 17روپے 33پیسے لٹر کمی کر دی گئی ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے ،پٹرول کی 366 روپے 58 پیسے لٹر ہوگئی ہے ، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 450 روپے 15 پیسے ، لائٹ ڈیزل کی 369روپے 72پیسے لٹر مقرر کی گئی ہے ،نئی قیمتوں میں کمی کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں