سندھ میں کاروباری اوقات محدود، مارکیٹیں 9بجے بند

سندھ میں کاروباری اوقات محدود، مارکیٹیں 9بجے بند

ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے سوا دیگر تمام اضلاع میں دکانیں رات 8 بجے بند کردی جائیں گی ریسٹورنٹس 11:30تک کھلے رکھنے کی اجازت ،شادی ہال،بینکوئٹس 12بجے بندہونگے

کراچی(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے عالمی معاشی حالات اور توانائی بچاؤ کے اقدامات کے پیش نظر کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس کے تحت صوبے بھر میں مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اوقات  کار مقرر کر دئیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے سوا تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے ،جب کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے ۔ریسٹورنٹس کو رات 11 بجکر30 منٹ تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح شادی ہالز اوربینکوئٹس رات 12 بجے بند کئے جائیں گے ۔ کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے حکومت سندھ کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تاجر برادری کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا اور مشاورت کے بعد متوازن فیصلہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ، صوبائی وزرا اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ، جو مثبت پیشرفت ہے ۔ ان کا کہنا تھا 7 اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے دوران تاجر نمائندوں کی جانب سے تجاویز پیش کی گئی تھیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل اور توانائی بچت کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاجر تنظیم کے مطابق توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں اور کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی ایسے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گی جو معاشی استحکام، کاروباری سہولت اور توانائی کے بہتر استعمال کو فروغ دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں