اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے 618 نئے کیسز رپورٹ
397مرد، 106خواتین، 93خواجہ سرا اور 22بچے مرض میں مبتلا ہر ماہ اوسطاً 41سے زائد افراد شکار ،متاثرین میں زیادہ تر نوجوان شامل
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کا پھیلا ؤتیزی سے جاری ہے ، 618نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔سرکاری رپورٹ کے مطابق شہر میں جنوری 2025سے مارچ 2026تک 618نئے ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہوئے ۔سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد ایچ آئی وی کا شکار ہوئے ،متاثرین میں نوجوا نوں کی اکثر یت ہے جن میں 64 فیصد کیسز بالغ مردوں کے ہیں۔
حکام کے مطابق ایچ آئی وی کے 618کیسز میں 397مرد، 106 خواتین، 93خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں۔سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 120نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جولائی 2025 میں سب سے زیادہ 63 کیسز، جون اور دسمبر میں کم ترین 31، 31 کیسز سامنے آئے ۔ماہرین کے مطابق نوجوان مردوں میں منشیات کے زیر اثر غیر محفوظ جنسی رویے ایچ آئی وی پھیلنے کی بڑی وجہ ہیں، آئس کے زیر اثر غیر محفوظ تعلقات ایچ آئی وی پھیلا کی بڑی وجہ بن گئی، پاکستان میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی اندازا ًتعداد تقریبا ساڑھے 3 لاکھ ہے۔