9ماہ سے زائد ملازمت پر مستقلی کا حق حاصل : ہائیکورٹ
سٹیٹ بینک، ایس بی پی کی پٹیشنز مسترد،برطرف ملازمین کی بحالی کا حکم جسٹس عابد چٹھہ نے لیبر کورٹ اور این آئی آر سی کے فیصلے برقراررکھے
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے سرکاری اداروں پر بھی لیبر قوانین کے اطلاق کی توثیق کر دی ،عدالت نے لیبر کورٹ اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے فیصلوں کو برقرار رکھا،تحریری فیصلے میں عدالت نے برطرف ملازمین کی بحالی اور مستقلی کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس بی پی بینکنگ سروسز کی جانب سے دائر 10 رٹ پٹیشنز کو مسترد کر دیا،عدالت نے سٹیٹ بینک کا مؤقف مسترد کر تے ہوئے ریمارکس دئیے کہ 9 ماہ سے زائد عرصہ تک کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیے جانے کا حق حاصل ہے ،عدالت نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں پر لیبر قوانین کا اطلاق لازم ہے اور ادارے کے داخلی ضوابط لیبر قوانین پر فوقیت نہیں رکھتے ، عدالت نے حکم دیا کہ برطرف ملازمین کو تمام مراعات کے ساتھ فوری طور پر بحال کیا جائے۔