پٹرول قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام کے ساتھ زیادتی، حلیم عادل

پٹرول قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام کے ساتھ زیادتی، حلیم عادل

عوام کو مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ، حکومت ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی قیمت 200روپے لٹر کم کی جائے ،غلط حکومتی پالیسیوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات مہنگے داموں فروخت کیے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے فوری کمی کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 84 ڈالر فی بیرل تک آچکی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں عوام کو مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، جو سراسر ناانصافی ہے ۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے موجودہ مہنگائی کو حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غلط پالیسیوں کے باعث مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے ۔ صدر پی ٹی آئی سندھ نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کی جائے اور قیمت 200 روپے فی لٹر تک کم کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں اور انہیں ریلیف نہ دینا ظلم کے مترادف ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں