پٹرول کی قیمتوں میں اگلے جمعہ کمی کا فیصلہ کیا جائیگا:وزیرمملکت خزانہ

پٹرول کی قیمتوں میں اگلے جمعہ کمی کا فیصلہ کیا جائیگا:وزیرمملکت خزانہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرمملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ڈیزل کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اگلے جمعہ کمی کا فیصلہ کیا جائے گا اور یہ کمی عالمی قیمتوں کے تناظر میں کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے ہفتے کو کراچی چیمبر آف کامرس میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 4سال بعد عالمی یوروبانڈ مارکیٹ میں شمولیت کے قابل بنا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے بجٹ میں 37اے کی شق میں ترامیم کرکے اختیارات میں کمی کی گئی، انہوں نے کہا کہ بجٹ کی آمد ہے، اس ضمن میں تاجر برادری سے مشاورت رہتی ہے۔کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کی شہ رگ ہے۔ دورہ کراچی کا مقصد معاشی ترقی کی راہ میں حائل مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کیلئے نجی شعبے کی معاونت کرے گی۔

وزیراعظم نے برآمدات کے فروغ کیلئے متعدد اصلاحات کیں،ہر ہفتے تمام ایوان ہائے تجارت کے صدور کے ساتھ مشاورتی اجلاس بھی کیے گئے ،انہوں نے کہا کہ جنگ بندی سے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی معیشتوں کو فائدہ پہنچا ہے ۔ جنگ بندی کو معیشت میں بہتری کا سبب بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اچھا انسٹرومنٹ ہے جس پر اوورسیز پاکستانیوں نے اعتماد کیا ہے جسکے ذریعے پاکستان سرمایہ منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ آر ڈی اے کے ذریعے اوورسیز پاکستانی سٹاک، پراپرٹی سمیت معیشت کے ہر شعبے میں محفوظ انوسٹمنٹ کرسکتے ہیں،ہم زرمبادلہ کو پاکستان لانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں