بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز، 16رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
شان مسعود قیادت کرینگے ،4نئے کھلاڑی شامل،سرفراز احمد ہیڈ کوچ مقرر
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیاگیا،شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے ، جبکہ 4 نئے کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔سکواڈ میں شامل 5 کھلاڑی لاہور میں جاری این سی اے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا۔ کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں شریک کھلاڑی اپنی ٹیموں کی میچز مکمل ہونے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے ۔سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلہ دیش ٹور کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق اور عمر گل بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ کوچ کی ذمے داریاں انجام دینگے ،قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شان مسعود، عبداللّٰہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق ، خرم شہزاد ،محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے وینیوز کا اعلان کر دیا۔ٹیسٹ میچز ڈھاکا اور سلہٹ میں کھیلے جائیں گے ، پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 مئی تک میرپور ڈھاکا میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔