گندم کی خریداری کیلئے پنجاب میں ڈیجیٹل نظام کا اجرا
مہم شروع ،مقصد گندم کی فی من قیمت ساڑھے 3ہزار پر برقرار رکھنا پنجاب میں 233 خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے :ڈی جی فوڈامجد حفیظ
لاہور (اے پی پی)پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کیلئے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کو توقع ہے بارشوں اور ژالہ باری سمیت موسمی رکاوٹوں کے باوجود امسال گندم کی پیداوار 22اعشاریہ5 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کر جائے گی،اسی کے ساتھ حکومت نے خریداری مہم بھی شروع کر دی جس کا مقصد 40 کلو گندم کی امدادی قیمت ساڑھے 3ہزار روپے کے قریب برقرار رکھنا ہے ، جس کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاح شدہ نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب امجد حفیظ کے مطابق ہم نے مکمل ڈیجیٹل اور مربوط نظام متعارف کرا کے گندم خریداری کے فریم ورک میں بنیادی اصلاحات کی ہیں ، 6 ارب روپے کی باردانہ سبسڈی کی منظوری دی جا چکی۔
کاشتکاروں کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)کی تیار کردہ باردانہ ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرانا ہوگی،صوبہ بھر میں کم از کم 233 خریداری مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں کاشتکاروں سے ساڑھے 3ہزار روپے فی من کے امدادی نرخ پر گندم خریدی جائے گی،فی کاشتکار 12 ایکڑ کی حد مقرر کی گئی جبکہ فی ایکڑ 25 من گندم خریداری کا معیار بھی طے کیا گیا ہے ۔امجد حفیظ نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت بیوپاریوں کے کردار کو کم سے کم کیا گیا ہے ،ادائیگیاں براہ راست کاشتکاروں کے بینک اکا ئو نٹس میں ڈیجیٹل ذرائع سے کی جائیں گی،حکومت نے ایگری گیٹرز کے ذریعے 3 ملین میٹرک ٹن تک گندم خریدنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری اور فیڈ یونٹس کو موجودہ مارکیٹ حالات کے تحت اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے کی اجازت ہے۔