سندھ پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا، جی ڈی اے
کراچی (سٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی نے دریا خان مری میں این پی پی رہنما رئیس غلام حیدر مری کے پٹرول پمپ اور مارکیٹ کی مسماری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پولیس کو عوامی تحفظ کے بجائے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔۔۔
وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کو کمدار اور سیاسی مخالفین کے خلاف آلہ کار بنا دیا ہے ، 15 سال سے قائم پٹرول پمپ کو اچانک غیر قانونی قرار دینا محض ایک بہانہ ہے جبکہ اصل ہدف سیاسی وابستگی ہے ، یہ کارروائی دراصل اس وجہ سے کی گئی کہ رئیس غلام حیدر مری نے جی ڈی اے رہنماؤں رئیس غلام مرتضیٰ جتوئی، رئیس مسرور خان جتوئی اور شاہنواز خان جتوئی کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا تھا، جس پر حکمران ٹولے نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ان کی املاک مسمار کر دیں۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں سیاسی مخالفین کو ہراساں کیا جا رہا اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو جاؤ ورنہ کاروبار اور گھر تباہ کر دیے جائیں گے ، جو کھلی سیاسی دہشت گردی ہے ۔ جی ڈی اے رہنما کا کہنا تھا سندھ میں جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت اور سویلین فاشزم مسلط ہے۔
جہاں شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا اگر سیاسی انتقام فوری بند نہ ہوا تو جی ڈی اے پورے سندھ میں سخت احتجاجی تحریک اور روڈ بلاک کی کال دے گی۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے ڈی سی اور اے سی نوشہروفیروز کو بھی متنبہ کیا کہ وہ سیاسی آلہ کار نہ بنیں ورنہ انہیں اپنے غیر قانونی اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی دعوت کی پاداش میں کروڑوں روپے کی املاک مسمار کرنا اور غلام حیدر مری کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر داخل کرنا ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے کہا جی ڈی اے مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس انتقامی و جابرانہ رویے کے خلاف ہر فورم پر بھرپور مزاحمت جاری رہے گی۔