بیرون ملک سے سرمائے کی واپسی کیلئے کاروبار دوست پالیسی ناگزیر،اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد چیمبرکے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ بیرون ملک منتقل سرمایہ کو واپس لانے اور نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کاروبار دوست پالیسیوں، ٹیکس ریشنلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔
پیر کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں تاہم مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو اور پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش منزل کے طور پر ابھرے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سرمایہ کار ایسے ممالک کو ترجیح دیتے ہیں جہاں استحکام، مناسب ٹیکس نظام اور کاروبار میں آسانی ہو، اس تناظر میں پاکستان میں جاری اصلاحات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو سکے۔