ملک بھر میں 3 مئی تک شدید گرمی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

ملک بھر میں 3 مئی تک شدید گرمی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

پختونخوا میں چند مقامات پرہلکی بارش متوقع ،لاہور کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ

لاہور، اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 3 مئی تک شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے ،تاہم مری اور گلیات میں مطلع ابرآلود رہنے ، چترال، دیر، سوات، کالام، کرم، وزیرستان، پاراچنارمیں چند مقامات پرہلکی بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق چار روز تک پنجاب کے جنوبی اضلاع ،سندھ کے بیشتر اوربلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے ۔لاہور میں گزشتہ روز درجہ حرارت میں کمی کے بعد درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں،موسم خشک رہے گا۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 128 ریکارڈ کیا گیا جو فضائی آلودگی کی معتدل سطح کو ظاہر کرتا ہے ۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان میں نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد، کچھی سمیت دیگر علاقوں میں 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، بجلی کے طویل ترین بریک ڈاؤن نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ۔ تربت اور نواب شاہ میں پارہ 46 ڈگری تک جا پہنچا،جیکب آباد میں متعدد افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ادھر محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب میں ہیٹ برسٹ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپر ایل نینو اور درجہ حرارت میں اضافے کی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ،رات 2 بجے درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری تک جانے کی خبریں من گھڑت ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں