کوئی نو گو ایریا نہیں ، ’’کچہ ‘‘اب’’پکا‘‘ علاقہ بنے گا : عظمیٰ بخاری
76سال بعد کچے میں ریاست کی رٹ قائم کرکے ڈاکوؤں کا راج ختم کر دیا گیا
لاہور (سیاسی نمائندہ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہوگا ، کچہ اب مکمل طور پر پکا علاقہ بنے گا،76سال بعد کچے میں ریاست کی رٹ قائم کرکے ڈاکوؤں کا راج ختم کر دیا گیا، وہاں تین اضلاع میں عوام کو 14ہزار 500ایکڑ سرکاری زمین کاشت کیلئے مفت دی جائے گی ،نئے سکولز اور کالجز، خواتین کیلئے ہزار لائیو سٹاک کارڈز، 300ہونہار سکالرشپس، ، بچوں کیلئے مفت لیپ ٹاپ کا کوٹہ جیسے اقدامات شامل ہیں، تمام جاری سکیموں میں کچے کو بھی شامل کر لیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کچے کے علاقے کو جدید ڈرونز، جدید اسلحہ، تھرمل امیجنگ آلات اور ڈیجیٹل سرویلنس کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا اور اب کسی ڈاکو یا تخریب کار کو وہاں دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،کچے کے نوجوانوں کو پولیس بھرتیوں میں قد اور چھاتی کے معیار میں خصوصی رعایت دی جائے گی ،کچے میں پہلی بار نادراکی موبائل ٹیمیں بھیج دی ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کچے میں بڑے پیمانے پر جرائم پیشہ افراد نے سرنڈر کیا، کچے کی ترقی کیلئے اگر 230ارب روپے کی بھی ضرورت پڑی تو وزیراعلیٰ وہ بھی فراہم کرنے کو تیار ہیں،اب وزیراعلیٰ نے وہاں تعینات سپاہیوں سمیت تمام رینکس کیلئے ہارڈ شپ الائونس کی منظوری بھی دے دی ۔انہوں نے کہا کہ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ ‘‘فساد ایلیمنٹ’’اور پروپیگنڈا سیل ملک میں انتشار پھیلانے سے باز نہیں آ رہے ، ڈیجیٹل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے ، ہمیں ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت ہے ۔