راولپنڈی میں دودھ 30،دہی 40روپے کلو مہنگا
ازخود اضافہ پر10دکانیں سیل،انتظامیہ کے بغیرقیمتیں مقررنہیں کی جاسکتیں:مجسٹریٹ
راولپنڈی (احمدبھٹی)فریش ملک ایسوسی ایشن نے دودھ کی فی کلو قیمت میں 30 روپے اوردہی کی قیمت میں 40روپے اضافہ کردیا، جس کے نتیجہ میں دودھ کی قیمت 220سے بڑھ کر 250 روپے جبکہ دہی کی فی کلو قیمت 240 سے بڑھ کر 280 روپے ہوگئی۔راولپنڈی فریش ملکایسوسی ایشن کے مطابق مہنگائی سے ہر شعبہ متاثر ہورہا ہے ، صدر راولپنڈی فریش ملک ایسوسی ایشن ملک محمد وقار کے مطابق دودھ اور دہی کو مقامی مارکیٹس تک پہنچانے میں اخراجات ہوتے ، پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بڑھ گئے ہیں،گندم اور خوراک مہنگی ہونے سے فارمر بھی متاثر ہوا ہے ، فارمر کو جانوروں کی خوراک مہنگی پڑ رہی ہے ۔دوسری جانب شیر فروشوں کی جانب سے دودھ دہی کی قیمتوں میں از خود اضافے پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی، دس سے زائد دکانیں سیل، متعدد کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ، سپیشل پرائس مجسٹریٹ چودھر ی محمد قدیر کے مطابق دودھ کی فی کلو سرکاری قیمت 190 روپے ،دہی کی قیمت 200روپے ہے ، انتظامیہ کی اجازت کے بغیر دودھ دہی کی نئی قیمتیں مقرر نہیں کی جاسکتیں۔