معرکہ حق :پاکستان کی فتح تاقیامت یاد رکھی جائیگی :عطا تارڑ
فتح کا جشن، جذ بہ دیکھ کر یقین ہو گیا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے فیلڈ مارشل کی بہترین سٹر ٹیجی کی بدولت بھارتی جہاز ملبے کا ڈھیر بنے ، وزیر اطلاعات
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح تاقیامت یاد رکھی جائیگی ، آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کا جشن منانے کے جذبے کو دیکھ کر یقین ہو گیا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص سے منسوب تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے ،تقریب میں شریک بچوں اور بچیوں کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی ، دشمن کو ہماری آزادی کھٹکتی ہے ،دشمن پاکستان کے خلاف سازش اور اسے نقصان پہنچانے کی طاق میں رہتا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے اور بھارت دہشت گردی پھیلانے والے ممالک میں شامل ہے ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگی حکمت عملی سے ملک کا دفاع یقینی بنایا گیا ،پاکستان کی فورسز نے بھارت کے آٹھ جہاز گرائے ،جب فتح میزائل بارڈر سے فائر کیا گیا تو چند گھنٹے کے اندر بھارت نے گھٹنے ٹیک د ئیے ،پاکستان نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے چند گھنٹوں میں بزدل، مکار دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ، بہادر قوم افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ،پوری قوم نے اپنی فوج کے ہمراہ بنیان مرصوص بن کر دکھایا۔