وزیرداخلہ کی گورنرخیبرپختونخواسے ملاقات،سکیورٹی پرگفتگو
ضم اضلاع میں امن و امان ، این ایف سی ایوارڈ کے معا ملات بھی زیر بحث رہے محسن نقوی کا ایف آئی اے ہیڈکوارٹرزکادورہ ،اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا
اسلام آباد(اے پی پی،دنیانیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اورخیبرپختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس و انتظامی امور اورسکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبالہ خیال کیا، ملاقات میں ضم اضلاع میں امن و امان، ترقیاتی اقدامات سمیت افغان سرحد سے دراندازی جیسے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبہ کیلئے این ایف سی ایوارڈ کا اجرا اور صوبائی حقوق سے متعلق معاملات بھی زیر بحث رہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اور ایف آئی اے اکیڈمی کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے انہیں بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا ، وزیر داخلہ نے کہا سال کے اختتام تک ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماراہدف ہے ، نئی بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔