لاہور :بارش سے موسم خوشگوار کراچی میں شدید گرمی سے 10افراد جاں بحق

 لاہور :بارش سے موسم خوشگوار  کراچی میں شدید گرمی سے  10افراد جاں بحق

لاہور،کراچی،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش،موسم خوشگوار ہو گیا ،آج بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

 ادھر کراچی میں پیر کو قیامت خیز گرمی سے پارہ 44اعشاریہ 1 ڈگری پر جا پہنچا، قیامت خیز گرمی کی شدت سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے ، جناح ہسپتال سمیت شہر کے مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک اور گرمی سے متاثرہ درجنوں افراد داخل کرائے گئے ۔کراچی میں پیر کو شدید گرمی کا 8 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور 2018 کے بعد گرم ترین دن ریکارڈ ہوا۔اس دوران شہر کے مختلف علاقوں سے 6 افراد کی لاشیں جبکہ 4 تشویشناک حالت میں ملے جو ہسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں 7 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو کی لہر آنے کا امکان ظاہر کردیا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ گرمی کا یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا، سندھ کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی 7 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو کی لہر آنے کا امکان ہے جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔

13 مئی کے بعد شہر میں ایک بار پھر درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے ، جس سے مئی کا وسط بھی شدید گرم رہے گا۔ لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک،قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ، ٹاؤن شپ، کچہ جیل روڈ، کوٹ لکھپت اور پیکو روڈسمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اورتیز ہوائیں بھی چلتی رہیں ،گرمی کی شدت واضح کم ہو گئی،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19اور زیادہ سے زیادہ33سینٹی گریڈرہا۔مری ، راولپنڈی ، فیصل آباد، ساہیوال ، قصور ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ اوردیگر اضلاع میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ، بعض مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور کے نواحی گاؤں پتی پورہ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی گاڑی پر گلگت جا رہے تھے کہ مشکین کے مقام پر تیز بارش کے باعث اچانک پہاڑی تودہ گاڑی پر آن گر ا، جس کے نتیجہ میں دونوں میاں بیوی دم توڑ گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں