ریفائنریز،آئل سٹوریج تنصیبات کی سکیورٹی پر جائزہ اجلاس
سٹیک ہولڈرز،آئل کمپنیوں کے ساتھ مل کر سکیورٹی اقدامات جاری :بریفنگ حکومت توانائی تنصیبات کے تحفظ ، بلاتعطل ایندھن فراہمی کیلئے پرعزم :اسحاق ڈار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں ملک بھرکی آئل ریفائنریز اور آئل سٹوریج تنصیبات کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ مل کر سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، اضافی سکیورٹی اقدامات کے اخراجات آئل مارکیٹنگ کمپنیاں برداشت کریں گی، سینیٹر اسحاق ڈار نے آئل ریفائنریز اور آئل سٹوریج کے موجودہ سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے ،اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اہم توانائی تنصیبات کے تحفظ اور ملک بھر میں بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ،اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ملک میں پٹرولیم، تیل اور لبریکنٹس کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزارت پٹرولیم نے شرکا کو بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026 کے تیسرے ہفتے تک ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے وافر ذخائر موجود ہیں ۔