باجوڑ: پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ، 2 شہید : قبائلی مشران کا مہم بند کرنے کا مطالبہ
تحصیل سلارزئی میں اہلکار سید عزیز ، سید قادر کو نشانہ بنایا گیا،حملہ آور فرار ، گورنر اور وزیراعلیٰ پختونخوا کی مذمت سکیورٹی صورتحال ٹھیک ہونے پربے شک مہم دوبارہ شروع کرلیں:قبائلی رہنما، جیکب آباد میں خاتون ورکر زخمی
باجوڑ،جیکب آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں مختلف مقامات پر پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ،2 اہلکار شہید ،حملہ آور فرار ہو گئے ،قبائلی مشران نے انسداد پولیو مہم فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔دوسری طرف سندھ کے ضلع جیکب آباد میں تشدد کرکے خاتون پولیو ورکر کو زخمی کر دیا گیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے پہلے ہی روز باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے علاقے ڈاگ قلعہ نازکئی میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامورپولیس اہلکار سید عزیز کو جبکہ اس کے تھوڑی دیر بعد تبئی کے مقام پر پولیو ڈیوٹی سے واپسی پر سید قادر کوبھی فائرنگ کر کے شہید کر دیا،پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے باجوڑ میں پولیو ٹیموں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثناء دونوں شہید اہلکاروں کی میتیں باجوڑ پولیس لائنز منتقل کر دی گئیں جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
اس موقع پر باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کی میتوں کو سلامی پیش کی،بعدازاں دونوں شہداء کی میتیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں۔ نماز جنازہ کے موقع پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر حاجی شیر بہادر ، اے این پی رہنما سید صدیق اکبر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسداد پولیو مہم فوری طور بند کی جائے کیونکہ سکیورٹی صورتحال نہایت مخدوش ہے ، حالات ٹھیک ہوجائیں تو بے شک مہم دوبارہ شروع کر دیں ۔ واضع رہے 7روزہ پولیو مہم 24 مئی تک جاری رہے گی ، اس کیلئے ضلع باجوڑ میں 1500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ ادھر سندھ میں جیکب آباد کے نواحی گوٹھ نصر محمد میں پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کیلئے گھر داخل ہونے پراہلخانہ نے پولیوورکر پروین کو بہیمانہ تشدد کرکے زخمی کر دیا ،زخمی ورکر کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ،پولیس نے ملزم بشیر بروہی کو گرفتار کرلیا ہے۔